تعارف معہد الخلیل الاسلامی

معہد الخلیل الاسلامی، کراچی کے علاقے بہادر آباد میں واقع ایک ممتاز دینی ادارہ ہے، جو قریب نصف صدی سے دینی تعلیم و تربیت، دعوت و اشاعت اور خدمتِ انسانیت کے میدانوں میں سرگرم ہے۔ 6 صفر 1402ھ (1982ء) کو حضرت مولانا محمد یحییٰ مدنی نور اللہ مرقدہ نے اپنے شیخِ کامل، شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا مدنی رحمہ اللہ کی مشاورت و رہنمائی میں اس ادارے کی بنیاد رکھی۔ ان کی فکر، اخلاص اور دینی بصیرت سے شروع ہونے والے اس مبارک سفر کا افتتاح حضرت مفتی محمود الحسن گنگوہی رحمہ اللہ نے اپنے دستِ مبارک سے فرمایا۔ چند ہی برسوں میں یہ ادارہ ایک جامع علمی، تربیتی، دعوتی اور اصلاحی نظام کی صورت اختیار کر گیا۔

معہد الخلیل الاسلامی

حفظِ قرآن و ناظرہ

معہد کا شعبۂ حفظ و ناظرہ قرآنِ کریم کی درست تلاوت، تجوید و قراءت کے فروغ اور حفظِ قرآن کی سعادت عام کرنے کے لیے قائم ہے۔ کراچی کے مختلف علاقوں بہادر آباد، بلوچ کالونی، اللہ والا ٹاؤن اور منیا سوسائٹی میں واقع کیمپسز میں شعبۂ قرآن کریم کے ذریعے حفظ، ناظرہ اور بنیادی دینی تعلیم کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس شعبے کا مقصد نئی نسل کو قرآنِ کریم سے مضبوط تعلق عطا کرنا اور انہیں دینی زندگی کی مستحکم بنیاد فراہم کرنا ہے۔

مکاتبِ قرآنیہ

ملک کے دیہی علاقوں میں تعلیمِ قرآن عام کرنے کے لیے شعبۂ مکاتبِ قرآنیہ کا ایک وسیع نیٹ ورک قائم کیا گیا ہے جو ملک کے مختلف دیہات میں قائم مکاتب کے ذریعے بچوں اور عوام الناس کو کلامِ پاک کے نور سے منور کر رہا ہے۔ اس شعبے کے ذریعے اُن علاقوں تک بھی قرآنی تعلیم پہنچائی جاتی ہے جہاں باقاعدہ دینی تعلیمی اداروں تک رسائی محدود ہے۔

دینی تعلیم (عالم و عالمہ کورس)

یہ شعبہ مستند دینی علوم کی تدریس اور ایسے علماء و عالمات کی تیاری کے لیے قائم ہے جو قرآن و سنت کی صحیح تعلیمات کو سمجھنے اور معاشرے تک پہنچانے کی صلاحیت رکھتے ہوں۔ اس کے تحت آٹھ سالہ درسِ نظامی (عالم کورس) اردو و عربی، چھ سالہ درسِ نظامی (عالمہ کورس) اور دوسالہ دراساتِ دینیہ کے ذریعے طلبہ و طالبات کو منظم دینی تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔ یہ تعلیمی پروگرام کراچی میں واقع معہد کے مختلف کیمپسز میں جاری ہیں۔ ان نصابات میں قرآن، حدیث، فقہ، اصولِ فقہ، عربی زبان اور دیگر دینی علوم کی تدریس کے ذریعے طلبہ کی علمی، فکری اور عملی صلاحیتوں کو پروان چڑھایا جاتا ہے تاکہ وہ دین کی خدمت، تدریس، دعوت اور معاشرتی رہنمائی کے میدانوں میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

تخصصات

دینی علوم کے مختلف اختصاصی میدانوں میں مہارت پیدا کرنا اور علمی و تحقیقی استعداد کو فروغ دینا اس شعبے کا بنیادی مقصد ہے۔ تخصص فی الافتاء، تخصص فی فقہ المعاملات المالیۃ و التجاریۃ، تخصص فی علوم الحدیث، تخصص فی اللغۃ العربیہ اور صحافتی عربی ڈپلومہ کے ذریعے مختلف علمی میدانوں میں ماہرین تیار کیے جاتے ہیں۔ یہ اختصاصی پروگرام طلبہ کو تحقیق، افتاء، تدریس اور علمی رہنمائی کے میدانوں میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے تیار کرتے ہیں تاکہ وہ عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق علمی و تحقیقی خدمات انجام دے سکیں۔

شرعی رہنمائی

ادارے میں قائم دارالافتاء کے ذریعے عوام اور اداروں کو شرعی رہنمائی فراہم کی جاتی ہے۔ یہ شعبہ عبادات، معاملات، خاندانی مسائل، تجارتی امور اور عصرِ حاضر میں پیش آنے والے نئے مسائل میں قرآن و سنت اور فقہِ اسلامی کی روشنی میں مستند رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ استفتاء کا جواب دیتا ہے اور افراد و اداروں کی شرعی ضروریات پوری کرنے میں معاونت کرتا ہے۔

عصری تعلیم

معہد الخلیل الاسلامی دینی و عصری علوم کے امتزاج کو مؤثر اور ہمہ جہت تعلیم کی بنیاد سمجھتا ہے۔ اسی مقصد کے تحت الخلیل اکیڈمی، الخلیل حفاظ اسکول انگلش میڈیم اور الخلیل انسٹیٹیوٹ آف ریلیجیس سائنس اینڈ تربیہ کے ذریعے طلبہ کو دینی تشخص کے ساتھ معیاری عصری تعلیم فراہم کی جاتی ہے جن میں اے لیول اور اولیول دونوں شامل ہیں۔ یہ ادارے حفظِ قرآن، دینی تربیت اور جدید تعلیمی تقاضوں کو یکجا کرتے ہوئے طلبہ کی شخصیت سازی کا اہتمام کرتے ہیں تاکہ وہ عملی زندگی میں مؤثر اور مثبت کردار ادا کر سکیں۔

تزکیہ و اصلاح

تعلیم کے ساتھ تزکیہ معہد الخلیل الاسلامی کا ایک نمایاں اور خصوصی امتیاز ہے۔ اسی مقصد کے تحت یہ شعبہ سلوک و احسان، تزکیۂ نفس اور اصلاحِ باطن کے فروغ کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ مجالسِ ذکر و درود، اصلاحی بیانات اور تربیتی پروگراموں کے ذریعے اسلامی اخلاق و کردار کی آبیاری کی جاتی ہے، جبکہ خواتین کے لیے فہمِ دین نصاب کے تحت دین کی بنیادی اور عملی تعلیم کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس شعبے کا مقصد افراد کی ظاہری تعلیم کے ساتھ ان کی باطنی اصلاح اور اخلاقی تربیت کو بھی یقینی بنانا ہے۔

دعوت و ارشاد

معاشرے میں دینی شعور بیدار کرنا اور اسلام کی صحیح تعلیمات کو عام کرنا اس شعبے کا بنیادی ہدف ہے۔ شعبۂ دعوت و ارشاد مختلف دعوتی، تعلیمی اور اصلاحی سرگرمیوں، دروس، بیانات اور عوامی تربیتی پروگراموں کا اہتمام کرتا ہے، جبکہ شعبۂ دعوت و تربیتِ نو مسلمین نئے مسلمانوں کی دینی تعلیم، تربیت اور رہنمائی کا فریضہ انجام دیتا ہے۔ اس شعبے کی کوشش ہے کہ دین کا پیغام حکمت، اعتدال اور خیرخواہی کے ساتھ معاشرے کے مختلف طبقات تک پہنچے۔

نشر و اشاعت

دینی، فکری اور اصلاحی پیغام کو وسیع پیمانے پر عام کرنے کے لیے معہد الخلیل الاسلامی کا شعبۂ نشر و اشاعت مختلف مطبوعاتی اور ڈیجیٹل ذرائع کی مدد سے خدمات انجام دے رہا ہے۔ اس کے تحت ماہنامہ ’’سلوک و احسان‘‘ اردو، سلسلہ وار ’’المجد‘‘ عربی اور الخلیل میڈیا ہاؤس کے ذریعے علمی، فکری اور دعوتی مواد مطبوعہ، ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پیش کیا جاتا ہے تاکہ معیاری دینی و فکری رہنمائی زیادہ سے زیادہ افراد تک پہنچ سکے۔

رفاہی خدمات

معہد کا شعبۂ الخلیل ویلفیئر معاشرے کے مستحق، محروم اور آفت زدہ طبقات کی خدمت کے لیے سرگرمِ عمل ہے۔ تعلیم، صحت، صاف پانی، غذائی امداد، کفالتِ ایتام، ہنگامی ریلیف، معاشی بحالی اور دیگر رفاہی منصوبوں کے ذریعے انسانی خدمت کے اس مشن کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ اس شعبے کا مقصد ضرورت مند افراد کی فوری مدد کے ساتھ ساتھ ان کی مستقل فلاح و بحالی کے لیے مؤثر اور پائیدار اقدامات کرنا ہے۔