مضامین

جناب الحاج عبدالقادر صدیقی صاحب

(استاذ مدرسہ الامداد)

احقر کا سنِ ولادت ۱۳۷۱ھ بمطابق جون ۱۹۵۲ء ہے۔ آبائی علاقہ یوپی شیرکوٹ اور تعلق صدیقی برادری سے ہے۔ دار العلوم نانک واڑہ میں قرآن مجید حفظ کیا اور ۱۹۷۴ء میں نیشنل کالج سے انٹر کیا۔ بروز جمعہ ۲۷ رمضان المبارک ۱۴۳۲ھ کو حضرت رحمہ اللہ سے بیعت ہونے کا شرف حاصل ہوا۔ حضرت رحمہ اللہ کے ساتھ گزرے یادگار لمحات ناقابلِ فراموش ہیں۔ ایک بار لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ناکارہ رات کو بمشکل دو ڈھائی گھنٹے ہی آرام پاتا، اس کم خوابی سے معمولات متاثر ہونے لگے۔ حضرت رحمہ اللہ سے اس کا ذکر کیا تو حضرت کی دعا اور توجہ کی برکت سے اللہ نے کم خوابی کی اذیت سے بھی نجات بخش دی اور معمولات بھی پورے کرنے کی توفیق ایزدی میسر ہوئی۔

احقر حضرت رحمہ اللہ کی تین صفات سے حد درجہ متاثر ہے۔ انتظامی امور کو احسن طریقے سے نمٹانا حضرت رحمہ اللہ خوب جانتے تھے۔ ناقابلِ اصلاح امور کی حکمت و بصیرت کے ساتھ بروقت اور برمحل اصلاح فرماتے تھے۔ اپنے شیخ قطب الاقطاب برکۃ العصر حضرت شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا رحمہ اللہ کے عاشقِ زار تھے۔ اس پاکیزہ عشق کی مہک حضرت رحمہ اللہ کی ہر ادا سے ٹپکتی تھی۔ آپ حضرت شیخ الحدیث رحمہ اللہ کے عمل و فکر کے حقیقی ترجمان تھے۔

رمضان المبارک ۱۴۳۳ھ کی ستائیسویں شب کو مسجد الخلیل کے احاطے میں حضرت رحمہ اللہ نے اجازت دی۔ معہد الخلیل الاسلامی کی شاخ ’’مرکز الامداد‘‘ میں نگرانی کی خدمت پر احقر مامور ہے۔