مضامین

مردِ حقانی اور عالمِ ربانی

حضرت مولانا شاہ حکیم محمد مظہر صاحب رحمہ اللہ

مہتمم جامعہ اشرف المدارس کراچی

حضرت مولانا محمد یحییٰ مدنی رحمہ اللہ ان نابغۂ روزگار ہستیوں میں سے تھے جن کو اللہ تعالیٰ نے قرآن و سنت کے علوم اور اصلاح وتزکیۂ نفوس کی محنت و خدمت کیلئے قبول فرما لیا تھا۔ حضرت کا قائم کردہ ادارہ معہد الخلیل الاسلامی علمی اور روحانی ماحول کے اعتبار سے اپنی ایک خاص پہچان رکھتا ہے۔ وہاں پڑھنے والے طلبہ میں ہم نے دینداری، تقویٰ اور اصلاح باطن کی طرف خاص توجہ دیکھی۔ یہ حضرت مولانا محمد یحییٰ مدنی رحمہ اللہ کے اخلاص اور تربیت کا ثمرہ ہے۔

شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا مہاجر مدنی رحمہ اللہ کے علوم و معارف کو آگے بڑھانے اور پھیلانے میں حضرت کا اہم کردار تھا۔ ان کے تلامذہ اور مسترشدین کی بڑی تعداد دین کے مختلف شعبوں میں مصروفِ عمل ہے۔ یہ حضرت کی مقبولیت کی دلیل ہے۔ اللہ ان کے متعلقین کو مقصودِ اصلی یعنی اپنی رضا نصیب فرمائے۔ تعلیم و تعلم اور شیخ کا دامن تھامنے سے مقصود بھی رضائے حق ہی ہوتا ہے۔

کوئی تجھ سے کچھ کوئی کچھ مانگتا ہے الٰہی!
میں تجھ سے طلبگار تیرا

حضرت مولانا محمد یحییٰ مدنی رحمہ اللہ یہاں خانقاہِ امدادیہ اشرفیہ میں تشریف لایا کرتے تھے۔ وہ کبھی کبھی عارف باللہ، شیخ العرب والعجم حضرت مولانا شاہ حکیم محمد اختر رحمہ اللہ کی مجلس میں شریک ہوا کرتے تھے۔ دونوں بزرگوں کا آپس میں محبت و الفت اور اخلاص کا تعلق تھا۔ اللہ ان حضرات کو اعلیٰ علیین میں جگہ عطا فرمائے۔ ہم سب کو ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہر طرح کے فتنوں سے محفوظ رکھے۔ وصلی اللہ علی محمد وآلہ وصحبہ أجمعین۔