مشاہدات و تأثرات
حضرت ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر صاحب رحمہ اللہ
مہتمم جامعۃ العلوم الاسلامیۃ علامہ بنوری ٹائون کراچی
یہ سن کر بہت خوشی ہوئی کہ حضرت مولانا محمد یحییٰ مدنی رحمہ اللہ کے صاحبزادگان، متعلقین و متوسلین حضرت کی حیات و خدمات اور آپ کی سوانح پر مشتمل خاص نمبر شائع کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کی اس کاوش اور کوشش کو بارآور فرمائیں اور اس کے تمام مراحل کو ان کے لیے آسان فرمائیں۔
حضرت مولانا محمد یحییٰ مدنی رحمہ اللہ سے میرا پہلا تعارف اس وقت ہوا جب میں مدینہ یونیورسٹی میں پڑھتا تھا اور گاہے گاہے شبِ جمعہ کو مدینہ منورہ کی نور مسجد میں جانا ہوتا تھا۔ جہاں حضرت مولانا سعید احمد خان صاحب رحمہ اللہ ہوتے تھے اور ان کی سرپرستی میں وہاں تبلیغی اجتماعات ہوتے تھے۔ بیان کے بعد ایک صالح نوجوان تشکیل کے لیے کھڑے ہوتے تھے، بعد میں معلوم ہوا کہ ان کا نام محمد یحییٰ ہے اور ان کا تعلق کراچی سے ہے۔
یہ وہی صالح نوجوان تھے جنہوں نے شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا مہاجر مدنی قدس سرہ کی اجازت سے جامعہ علومِ اسلامیہ علامہ بنوری ٹائون میں داخلہ لیا اور محدث العصر حضرت علامہ سید محمد یوسف بنوری رحمہ اللہ کی زیرِ تربیت اور صحبت میں رہ کر جامعہ ہی سے دورۂ حدیث پڑھا۔ اس کے بعد آپ نے تقریباً دو تین سال تک جامعہ میں تدریس بھی کی۔
حضرت مولانا میں چند ایسی صفات اور خوبیاں تھیں جو صرف آپ ہی کا خاصہ بنیں:
- حضرت مولانا محمد یحییٰ مدنی رحمہ اللہ کے والدِ گرامی اور آپ کا خاندان کاروبار اور تجارت سے منسلک تھا، لیکن مولانا نے عین شباب میں بزرگوں سے تعلق جوڑا اور ایک دور ایسا بھی تھا کہ آپ کا شمار تبلیغ کے اکابرین اور بزرگوں میں ہوتا تھا۔
- حضرت مولانا محمد یحییٰ مدنی رحمہ اللہ نے جب تصوف اور تزکیہ کی لائن اختیار کرتے ہوئے حضرت شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا مہاجر مدنی رحمہ اللہ سے بیعت کی اور سلوک کے اسباق لیے تو بہت کم مدت میں آپ کو خلافت و اجازت سے نوازا گیا۔ بلکہ حضرت شیخ الحدیث رحمہ اللہ کے سلسلہ کے صحیح معنوں میں ترجمان اور یادگار کراچی میں آپ ہی شمار کیے جانے لگے۔
- پھر حضرت شیخ الحدیث رحمہ اللہ کی نسبت سے ایک ادارہ کی بنیاد رکھی اور اس میں اتنی محنت کی کہ اسے دورۂ حدیث تک پہنچا دیا، جہاں بنین اور بنات دونوں کے لیے دورۂ حدیث کا انتظام ہے اور اس کے ساتھ ساتھ اپنی اولاد کو نہ صرف حافظ و عالم بنایا، بلکہ ان سب کو اسی لائن پر لگا دیا۔ اور آج تمام بچے اس دینی ادارہ سے وابستہ ہیں اور دین کی خدمت کر رہے ہیں۔
خلاصہ یہ کہ حضرت مولانا محمد یحییٰ مدنی رحمہ اللہ نے تبلیغ، احسان و سلوک اور تدریس جیسے اہم شعبوں کو نہ صرف یہ کہ بیک وقت چلایا اور ان سے منسلک رہے بلکہ ہر شعبہ میں نمایاں نام بھی پیدا کیا۔ اللہ تعالیٰ حضرت مولانا محمد یحییٰ مدنی رحمہ اللہ کی تمام حسنات کو قبول فرمائیں اور ان کے جانشینوں کو ان کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائیں۔ وصلی اللہ تعالیٰ علی خیر خلقہ سیدنا محمد وعلی آلہ وصحبہ أجمعین۔
(مولانا ڈاکٹر) عبدالرزاق اسکندر
رئیس جامعہ علومِ اسلامیہ علامہ بنوری ٹائون کراچی
۱۸؍۲؍۱۴۳۵ھ / ۲۲؍۱۲؍۲۰۱۳ء