مضامین

حضرت مولانا محمد احمد صاحب

(مدرس جامعہ معہد الخلیل الاسلامی)

۱۳۹۸ھ بمطابق ۱۹۷۸ء کو کراچی میں ولادت ہوئی۔ آبائی تعلق مانسہرہ اور اعوان قوم سے ہے۔ ۱۹۵۲ء میں محترم دادا جان رحمہ اللہ نے کراچی میں مستقل سکونت اختیار کی اور اپنے دونوں صاحبزادوں یعنی بندے کے والد اور چچا صاحبان کو علمِ دین کے لیے وقف کیا، جس کی برکت سے اللہ تعالیٰ نے والد و چچا صاحبان سے ترویجِ مدارس اور اصلاحِ خلق کا خوب کام لیا اور بحمداللہ لے رہا ہے۔

والد صاحب قاری غلام یاسین صاحب مدظلہ سے مدرسہ تعلیم القرآن، مسجد نور، جوبلی کراچی میں حفظ کیا اور پھر درجہ اعدادیہ اول تا تخصص فی الفقہ جامعہ علومِ اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن کراچی میں تعلیم حاصل کی۔ تخصص کے فوراً بعد ماہِ شوال ۱۴۲۲ھ میں معہد الخلیل الاسلامی میں تدریس کے لیے تقرری ہوئی۔ ماہِ رمضان المبارک ۱۴۲۳ھ میں حضرت رحمہ اللہ سے بیعت، دس سال سے زائد عرصہ میں تدریسی و تحریری خدمت کے حوالے سے، نیز حضرت رحمہ اللہ کی بندہ کے نکاح، ولیمہ اور بندہ کی مقامی مسجد و مدرسہ میں آمد کے دلکش مواقع کے بہت سے حسین نقوش احقر کے دل و دماغ میں نقش ہیں، جو رب کریم کی ستاری، حضرت رحمہ اللہ کی تواضع، فنائیت اور ذرہ نوازی کے مظہر ہیں۔ واقعی حضرت رحمہ اللہ کو بندہ نے ایسے مواقع میں دوستوں کی طرح، بلکہ دوستوں سے بڑھ کر نرم، متواضع، نفسیات شناس اور حساس پایا ہے۔

ماہِ رمضان المبارک ۱۴۳۱ھ میں معہد الخلیل الاسلامی کی مسجد میں حضرت رحمہ اللہ نے خلافت عطا فرمائی۔ آج کل معہد الخلیل الاسلامی میں تدریس، کراچی کے اپنے رہائشی علاقے گارڈن ایسٹ میں ایک مسجد کی امامت و خطابت اور ایک مدرسہ کا انتظام بندہ کے سپرد ہے۔