مضامین

کلماتِ تبریک

حضرت اقدس مولانا محمد طلحہ صاحب کاندھلوی رحمہ اللہ

صاحبزادہ و جانشین قطب الاقطاب شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد زکریا صاحب کاندھلوی قدس سرہ

باسمہ تعالیٰ

بعد حمد و صلوٰۃ۔ یہ سن کر مسرت ہوئی کہ حضرت شیخ رحمہ اللہ کے خلیفۂ مجاز مولانا یحییٰ مدنی رحمہ اللہ تعالیٰ رحمۃً واسعۃً کے حالاتِ زندگی پر ابنائے مولانا یحییٰ مدنی رحمہ اللہ کچھ کام کر کے شائع کرنا چاہتے ہیں۔ مولانا مرحوم اولاً انگریزی تعلیم حاصل کرنے میں مشغول تھے اور حضرت شیخ الحدیث صاحب رحمہ اللہ کی ترغیب پر علمِ دین کی طرف آئے اور انہوں نے اپنی پوری زندگی میں تینوں کام کئے: تعلیم، تبلیغ اور تزکیہ۔ اور الحمدللہ! تینوں لائنیں وہ ہیں جن پر خود حضرت مولانا محمد الیاس صاحب رحمہ اللہ نے اپنی زندگی میں محنتیں کی تھیں۔

جی چاہتا ہے کہ ان کی یعنی مرحوم مولوی یحییٰ مدنی رحمہ اللہ کی اولادیں بھی تینوں کام کریں اور ہر فردِ امت بھی تینوں کاموں کو ایک ساتھ لے کر چلے تاکہ تینوں لائنوں کو اللہ ترقی عطا فرمائے۔ جو فردِ امت کسی ایک کام میں زیادہ تن دھی سے مشغول ہو وہ باقی دو کاموں کو بھی اپنی ذمہ داری سمجھ کر اس میں بھی لگے تاکہ اُمت میں اتحاد و اتفاق بڑھے اور انتشار و خلفشار سے بچتے ہوئے تعلیم، تبلیغ، تزکیہ ترقیات کی طرف گامزن ہوں۔

اللہ تعالیٰ میرے کہنے میں بھی اخلاص نصیب کرے اور آپ حضرات کو کرنے میں بھی اخلاص کی دولت مرحمت فرمائے۔

ایک بار حضرت شیخ الحدیث صاحب رحمہ اللہ نے مولانا یحییٰ رحمہ اللہ کو خصوصی نصیحت یہ فرمائی تھی کہ ’’اگر کوئی ذکر و شغل میں لگا ہوا آدمی تبلیغ کی محنت میں بہت نمایاں حصہ نہ لیتا ہو تو اس کو حقیر مت جانیو‘‘۔۔

محمد طلحہ کاندھلوی

۲۷؍جمادی الاولیٰ ۱۴۳۵؁ھ، بروز جمعہ